صوبے میں امن و امان صورتحال بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اوربلدیاتی انتخابات جلد ازجلد کرائے جائیں۔ جماعت اسلامی کی سیاسی کمیٹی کامطالبہ
پشاور6دسمبر2014ء
جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی سیاسی کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے میں امن و امان صورتحال بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے، بلدیاتی انتخابات جلد ازجلد کرائے جائیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس سیاسی کمیٹی کے صدر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال کے علاوہ 2013ء کے عام انتخابات اور متوقع بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر حکیم عبدالوحید ، جماعت اسلامی فاٹا کے امیر صاحبزادہ ہارون الرشید ، سیاسی کمیٹی کے سیکرٹری بحراللہ خان کے علاوہ سیاسی کمیٹی کے ممبران ایم این اے صاحبزادہ طارق اللہ خان، ایم این اے صاحبزادہ محمد یعقوب ، ایم این اے شیر اکبر خان ، آصف لقمان قاضی ،سابق ایم این اے بختیار معانی، سابق ایم این اے فضل سبحان ، سابق ایم پی اے محمد امین ، محمد حنیف خان ، عبدالرزاق عباسی اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اسراراللہ ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لئے حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی سیاسی کمیٹی کے صدر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی بھر پور حصہ لے گی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی سیاسی کمیٹی صوبے کے تمام ڈویژنز کا دورہ کرے گی۔