۔سینیٹ کے انتخابات میں پیسے کا استعمال سیاسی دہشتگردی ہے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس سیاسی دہشتگردی کے خلاف متحد ہوجاناچاہیے ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی قیمتی سرمایہ ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کی ملک کے لیے فکر مندی وطن سے محبت کی علامت ہے سراج الحق کا مدینہ منورہ میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب
لاہور25فروری2015
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں پیسے کا استعمال سیاسی دہشتگردی ہے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس سیاسی دہشتگردی کے خلاف متحد ہوجاناچاہیے ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی قیمتی سرمایہ ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کی ملک کے لیے فکر مندی وطن سے محبت کی علامت ہے ۔جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے مدینہ منورہ میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میںدیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سراج الحق نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی شب و روز محنت سے کثیر زرمبادلہ کما کر پاکستان بھیج رہے ہیں جو ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ،انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے ،انہوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک نے بیرونی ممالک میں رہائش پذیر شہریوں کو ووٹ کاحق دے رکھا ہے مگر حکومت پاکستان پتہ نہیں کیوں یہ حق دینے میں لیت و لعل کر رہی ہے۔انہوں نے وزارت خارجہ اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ملک کے شہریوں کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل کی طرف توجہ دے اور اس سلسلہ میں پاکستانیوں کی بہتر اور بھرپور انداز میں رہنمائی کی ذمہ داری کو پورا کیا جائے ۔اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبدالغفار عزیز بھی موجودتھے ۔
واضح رہے کہ سراج الحق نے رابطة عالم اسلامی کی دعوت پر مکہ مکرمہ میں منعقدہ اسلامی کانفرنس میں شرکت کی اور عمرہ ادا کیا اور روضہ ¿ رسول پر حاضری دی ۔